سٹی42: ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش جبکہ پہاڑوں میں برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
لاہور میں دھند کے باعث شہر کا ماحول گھنا رہا ہے، سردی اور خنکی برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی 95 فیصد اور ہواؤں کی رفتار 2 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ آئندہ چند گھنٹوں میں سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہنے کی توقع ہے۔
لاہور کے فضائی معیار میں معمولی بہتری دیکھی گئی ہے، شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس 166 ریکارڈ ہوا ہے جس کے بعد لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں 14 ویں نمبر پر آ گیا۔ مختلف علاقوں میں چمن پارک 370، کینٹ 219، عسکری ٹین 190، برکی روڈ 170، ماڈل ٹاؤن 158 اور اقبال ٹاؤن 156 ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ 31 دسمبر سے یکم جنوری تک لاہور اور دیگر اضلاع میں بارش، جبکہ 2 جنوری تک راولپنڈی، مری، گلیات اور پوٹھوہار ریجن میں برفباری کا امکان ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی 24/7 مانیٹرنگ جاری ہے، اور سیاحوں کو بھی ہدایات پر عمل کرنے اور ٹریفک میں تیز رفتاری یا اچانک بریک لگانے سے اجتناب کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ملک کے دیگر علاقوں میں بھی موسمیاتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ اسلام آباد میں سرد اور ابر آلود موسم متوقع ہے، جبکہ لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، جھنگ اور شیخوپورہ میں بارش ہو سکتی ہے۔ ساہیوال، فیصل آباد، شورکوٹ، ملتان، کوٹ ادو، بہاولنگر اور اوکاڑہ میں بھی بارش کا امکان ہے۔ قصور، خانیوال، خانپور، بہاولپور اور رحیم یار خان میں دھند رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، تربت، گوادر، ژوب اور دیگر مقامات پر بارش متوقع ہے۔ سندھ میں دادو، بینظیر آباد، قمبر شہزاد کوٹ، نوشہرو فیروز اور جام شورو میں بارش جبکہ سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور اور موہنجوداڑو میں دھند کا امکان ہے۔ شمالی علاقوں چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کرم، وزیرستان اور بنوں میں بھی بارش اور برفباری کی توقع ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے کچھ علاقوں میں بھی بارش اور برفباری متوقع ہے۔