سٹی 42 : ایف بی آر کی جانب سے کراچی میں غیر قانونی سگریٹ فیکٹری کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ ملیر میں غیر قانونی سگریٹ بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ، فیکٹری سیل کردی گئی۔
ایف بی آر کے مطابق غیر قانونی سگریٹ فیکٹری سے مشینری اور خام و تیار مال قبضے میں لے لیا گیا،ضبط کی گئی مشینری اور دیگر سامان کی مالیت تقریباً 20 کروڑ روپے بتائی گئی، فیکٹری سے تقریباً 700 کلوگرام خام تمباکو بھی برآمد ہوا ۔ فیکٹری میں روزانہ تقریباً 7 لاکھ سگریٹ تیار کرنے کی صلاحیت موجود تھی، غیر قانونی فیکٹری سے سالانہ تقریباً 20 کروڑ سگریٹ تیار کیے جا سکتے تھے ۔
غیر قانونی سگریٹ سازی سے قومی خزانے کو سالانہ تقریباً ایک ارب 20 کروڑ روپے نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔ ایف بی آر نے غیر قانونی فیکٹری کا مکمل پلانٹ، مشینری اور اسٹاک ضبط کرلیا۔ دوسری جانب ملزمان کے خلاف کسٹمز اینڈ ٹیکسیشن کی خصوصی عدالت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ۔
ضبط شدہ پلانٹ اور مشینری کو قانونی کارروائی کے بعد آر ٹی او ٹو کراچی منتقل کردیا گیا۔ غیر قانونی سگریٹ سازی میں ملوث افراد کے خلاف فوجداری تحقیقات جاری ہیں۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ٹیکس چوری اور غیر قانونی تمباکو تجارت کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔