ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلاب کا خطرہ، ہائی الرٹ جاری

ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلاب کا خطرہ، ہائی الرٹ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: پنجاب میں مون سون کی بارشوں کا نیا سلسلہ آج سے شروع ہوچکاہے، اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے آئندہ 2 سے 4 گھنٹوں کے دوران پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ کے مطابق پنجاب کے اضلاع منگلا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، جہلم، وزیر آباد، منڈی بہاؤ الدین، قصور، اور شیخوپورہ سمیت دیگر علاقوں میں بارش متوقع ہے۔اسی طرح خیبر پختونخوا کے اضلاع پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، ٹانک، لکی مروت، وزیرستان اور دیگر مقامات پر بھی بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بعض علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان بھی ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

 شہر  لاہور کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم مزید خوشگوار ہو گیا ۔سبزہ زار، وحدت روڈ، اور علامہ اقبال ٹاؤن میں تیز بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ ملتان روڈ، جوہر ٹاؤن، اور سمن آباد سمیت ملحقہ علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔شاہدرہ ٹاؤن، فرخ آباد، شفیق آباد، طلعت پارک، بادامی باغ اور آزادی چوک کے اطراف میں بھی کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش دیکھنے میں آئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج دن بھر وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

 شہر قائد میں گرمی اور حبس کی کیفیت برقرار ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے اور موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں میں درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 26 سے 28 ڈگری کے درمیان رہے گا۔شہر میں جنوب مغرب کی سمت سے ہوائیں 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے باعث حبس کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

ملکہ کوہسار مری میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش ہوئی، آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برس پڑے، میر پور اور باغ میں تیز بارش ہوئی، ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بڑھ گیا۔ایبٹ آباد، نارووال، فیروز والا، بہاولنگر اور دیگر علاقوں میں بھی بادلوں کی اننگز سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

دوسری جانب  نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 6 گھنٹوں کے دوران لاہور، گوجرانوالہ اور گجرات ڈویژن میں شدید بارشیں متوقع ہیں، جو موجودہ سیلابی صورتحال کو مزید خراب کر سکتی ہیں۔این ڈی ایم اے کے مطابق راوی، چناب اور ستلج سمیت مشرقی دریاؤں میں پہلے ہی پانی کی سطح غیر معمولی بلند ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں شدید سیلابی خطرات منڈلا رہے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ 3 سے 4 ستمبر کے دوران ساڑھے 9 لاکھ کیوسک تک کے سیلابی ریلے پنجند ہیڈورکس سے گزریں گے۔ خطرناک صورتحال کی صورت میں پانی کا بہاؤ مجموعی طور پر 12 لاکھ کیوسک تک پہنچ سکتا ہے، جو انتہائی اونچے درجے کی سیلابی کیفیت پیدا کر سکتا ہے۔گڈو بیراج پر 5 تا 6 ستمبر، سکھر بیراج پر 6 تا 7 ستمبر، اور کوٹری بیراج پر 8 تا 9 ستمبر کے دوران 8 سے 11 لاکھ کیوسک کے درمیان پانی کا بہاؤ متوقع ہے۔

وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے نے تمام ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی تیز کر دی ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر 24 گھنٹے مکمل فعال ہےجبکہ سول و عسکری ادارے بھی رابطے میں ہیں۔

شہریوں کو ہدایات دیتے ہوئے اُن کا کہنا ہے کہ  دریا، ندی نالوں اور بندوں کے قریب نہ جائیں۔ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر فوری عمل کریں اور ضروری اشیاء (پانی، خوراک، ادویات) اور دستاویزات تیار رکھیں۔اس کے علاوہ این ڈی ایم اے کی "ڈیزاسٹر الرٹ ایپ" سے تازہ ترین معلومات حاصل کریں اور ہنگامی صورت میں قریبی امدادی ٹیموں سے فوری رابطہ کریں
دوسری جانب، اسلام آباد میں رات کے وقت ہلکی بارش اور بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج دن کے وقت مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔