سٹی42: پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے اُساتذہ کیلئے بڑی پیش رفت ، محکمہ خزانہ نے تنخواہوں اور دیگر اخراجات کی مد میں ساڑھے 3 ارب روپے جاری کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق جاری کردہ بجٹ سے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو درپیش مالی مسائل کے حل میں مدد ملے گی جس سے نہ صرف اساتذہ کی تنخواہیں بروقت ادا کی جا سکیں گی بلکہ تعلیمی سرگرمیوں میں بھی تسلسل قائم رہے گا۔
علاوہ ازیں، پی اینڈ ڈی بورڈ نے پنجاب ایجوکیشن ریفارمز پروگرام (پیرا) کو بھی ایک ارب روپے جاری کیے ہیں تاکہ تعلیمی شعبے میں مزید بہتری لائی جا سکے۔
محکمہ خزانہ کی جانب سے فاریسٹ کمپلیکس کی تعمیر کے لیے بھی 47 ملین روپے جاری کیے گئے ہیں جس سے محکمہ جنگلات کے نئے دفاتر بنائے جائیں گے اور فاریسٹ مینجمنٹ کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے گا۔