(سٹی42)حمزہ شہباز شریف نے وزارت اعلیٰ کا حلف اٹھا لیا جس کے بعد وہ پنجاب کے 21 ویں وزیر اعلیٰ بن گئے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس میں ہوئی،تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی گئی۔اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے اُن کے عہدے کا حلف لیا۔
تقریب حلف برداری میں مریم نواز، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ،خواجہ سلمان رفیق،خواجہ عمران نذیر، عمر سہیل ضیا بٹ،عطااللہ تارڑ ، خواجہ احمد حسان ، اسدکھوکھر, کمشنرمحمدعثمان، ڈپٹی کمشنرعمرشیر ، چیف سیکرٹری کامران علی افضل، سینئرصحافی افتخار احمد ،مجیب الرحمان شامی ، کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
گورنر ہاؤس میں تقریب حلف برداری کے موقع پر کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے اور کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو گورنر ہاؤس جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زندگی پر ایک نظر
وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز 6 ستمبر 1974 کو لاہور میں پیدا ہوئے، گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن اور لندن سے ایل ایل ایم کیا، میدان سیاست میں آئے تو حکومتی ایوانوں میں پہنچنے سے پہلے جیل یاترا کی، صرف 19 برس کے تھے جب محترمہ بینظیر بھٹو کے دوسرے دور حکومت میں 6 ماہ تک اڈیالہ جیل میں رہے۔
2008 اور 2013 کے الیکشن میں اندرون شہر کے حلقے این اے 119 سے دومرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، پنجاب میں اپنے والد اور اس وقت کے وزیراعلیٰ شہباز شریف کے پبلک افیئرز یونٹ کے انچار ج بھی رہے۔جولائی 2018 میں رکن پنجاب اسمبلی بننے کے بعد پہلی مرتبہ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف منتخب ہوئے۔
شریف خاندان کے پاس تین مرتبہ وزارت عظمیٰ اور تین مرتبہ وزرات اعلیٰ کا ریکارڈ
حمزہ شہباز شریف خاندان کے تیسرے فرد ہیں جو پنجاب کے وزیراعلیٰ منتخب ہوئے، حمزہ شہباز کے چچا اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب نوازشریف 1985 میں پنجاب کے 9ویں وزیراعلیٰ بنے تھے، نوازشریف کے بعد 1997 میں پنجاب کے وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کے والد شہبازشریف وزیراعلیٰ بنے،شہبازشریف 1997 سے 1998 تک وزیراعلیٰ رہے۔
مرکز اور وفاق میں ن لیگ کی حکومت کی برطرفی کے بعد 2008 میں شہباز شریف ایک مرتبہ پھر وزیراعلیٰ منتخب ہوئے، 2013 کے انتخابات میں پنجاب کی پگ ایک مرتبہ پھر حمزہ شہباز کے والد شہباز شریف کے سر پر رکھی گئی،2022 میں پنجاب کی پگ اب حمزہ شہباز کے سر پر رکھی گئی ہے، 48 سال کی عمر میں حمزہ شہباز نے پنجاب کے 21 ویں وزیراعلیٰ کا حلف اٹھایا ہے،شریف خاندان کے پاس تین مرتبہ وزارت عظمیٰ اور تین مرتبہ وزرات اعلیٰ کا ریکارڈ بھی موجود ہے۔
واضح رہے کہ حمزہ شہباز 16 اپریل کو پنجاب اسمبلی کے ہنگامہ خیز اجلاس میں وزیراعلیٰ منتخب ہوئے تھے، انہیں پنجاب اسمبلی کے 197 اراکین نے ووٹ دیئے تھے۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے اسپیکر قومی اسمبلی کو وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے حلف لینے کا حکم دیا تھا۔