سٹی 42: قبر میں دفنایا گیا مردہ کیسے باہر آسکتا ہے؟ اگر ایسا ہوا تو یہ حیران کن ہے۔یہ حیران کن واقعہ پاکستان میں نہیں بلکہ یوکرین میں پیش آیا ہے،جہاں ایک 57سالہ خاتون کو اس کے ہمسایوں نے بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قبر میں زندہ دفن کر دیا لیکن خاتون قبر کو توڑ کر خود ہی باہر نکل آئی۔
برطانوی ویب سائٹ میل آن لائن کے مطابق یہ محیرالعقول واقعہ یوکرین کے وسطی شہر میریانسکے میں پیش آیا۔ اس خاتون کا نام نینا رودشینکو ہے جس پر دو بھائیوں نے حملہ کیا۔ ان بھائیوں کی عمریں 27اور 30سال تھیں جو نینا کے ہمسائے میں رہتے تھے۔
رپورٹ کے مطابق ملزمان خاتون کے گھر کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے اور اسے بیس بال کے بیٹ سے تشدد کا نشانہ بناتے اور گھسیٹتے ہوئے قریبی قبرستان میں لے گئے اور وہاں خود اسے ہی اپنے ہاتھوں سے اپنی قبر کھودنے پر مجبور کر دیا۔ خاتون نے اپنی قبر کھودی اور پھرملزمان نے اسے قبر میں دفن کر دیا اور واپس چلے گئے۔بعد میں نینا نے اندر سے اپنی قبر کی مٹی اکھاڑنی شروع کی اور بالآخر باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئی۔ ملزمان کے تشدد سے نینا کے ایک جبڑے اور ناک کی ہڈی سمیت کئی ہڈیاں ٹوٹی ہوئی تھیں، اس کے باوجود اس نے ہمت نہیں ہاری اور قبر کھود کر باہر نکل آئی۔
نینا کو فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق نینا نے بتایا ہے کہ ”ان دونوں ملزمان نے گھر میں داخل ہوتے ہی بغیر کچھ کہے مجھے تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔ میں نہیں جانتی کہ انہوں نے ایسا کیوں کیا۔
واضح رہے کہ پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے اور انہوں نے دوران تفتیش جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شراب کے نشے میں تھے، جس کی وجہ سے ان سے یہ جرم سرزد ہوا۔