شہر میں نقلی پستول والے ڈاکو بھی آگئے

شہر میں نقلی پستول والے ڈاکو بھی آگئے

( عرفان ملک ) جوہر ٹاؤن میں خاتون سکول ٹیچر کو ڈاکو نقلی پستول سے لوٹ کر فرار ہوگیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی۔

لاہور پولیس ڈاکوؤں کو نکیل ڈالنے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ ڈولفن ہو یا سیف سٹی کیمرے کوئی خاطرخواہ کام کرتے دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ شہری اپنے موبائل فون، کیش اور موٹرسائیکل جیسی قیمتی اشیاء سے محروم ہونے لگے ہیں۔ لاہور کے علاقے جوہرٹاؤن میں ڈکیتی کی انوکھی واردات ہوئی۔ موٹرسائیکل سوار ڈاکو سکول ٹیچر کو نقلی پستول سے لوٹ کر فرار ہوگیا۔

سٹی فورٹی ٹو کو موصول ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے سکول ٹیچر اپنی ڈیوٹی سے واپس آرہی تھی کہ اسی دوران موٹرسائیکل سوار ڈاکو نے گن پوائنٹ پر خاتون سے بیگ چھین لیا اور واردات کے بعد نقلی پستول پھینک کر بلا خوف و خطر فرار ہوگیا۔ پولیس نے متاثرہ خاتون ٹیچر کی درخواست تو لے لی لیکن تاحال مقدمہ درج نہ کیا۔

ادھر تھانہ ہیر کی حدود میں چار ڈاکوؤں نے گھر میں گھس کر اہلخانہ کو یرغمال بنا کر نقدی اور زیورات لوٹ لیے۔ ڈاکووں نے ایک لاکھ ستتر ہزار نقدی اور بارہ تولے کے زیورات کا صفایا کردیا۔

ڈاکو جاتے ہوئے گھر میں کھڑی گاڑی بھی ساتھ لے گئے۔ متاثرہ شہری نے پولیس سے اپیل کی ہے کہ جلد مقدمہ درج کرکے ملزمان گرفتار کیے جائیں۔