مسلم لیگ ن کا نیا سر براہ کون ہوگا؟

مسلم لیگ ن کا نیا سر براہ کون ہوگا؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 سٹی 42 : قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر  شہبا ز شریف کی گرفتاری کے بعد مسلم لیگ ن کی سربراہی کون کرے گا؟ ن لیگی حلقوں میں چہہ مگوئیاں جاری ہیں ۔ پارٹی اب عملی طور پر مریم نواز ہی چلائیں گی۔

نجی ٹی وی  کی رپورٹ کے مطابق سوموار کوشہباز شریف کی گرفتاری سے قبل ہی پارٹی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے سہہ پہر 4 بجے پریس کانفرنس شیڈول کر رکھی تھی لیکن شہباز شریف کی گرفتاری کے فوری بعد مریم نواز کی ہنگامی پریس کانفرنس کا دعوت نامہ بھجوا دیا۔

ن لیگی ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے اپنی گرفتاری کی صورت میں پارٹی امور شاہد خاقان اور احسن اقبال کے ذریعے چلانے کا حکم دیا تھا لیکن مریم نواز ہنگامی طور پر میدان میں آئیں اور سینئر لیگی قیادت کو ان کی آواز پر لبیک کہنا پڑا۔ احسن اقبال، پرویز رشید، رانا ثناءاللہ، سردار ایاز صادق، رانا تنویر حسین، خرم دستگیر، مریم اورنگزیب سمیت تمام لیگی قیادت پریس کانفرنس میں موجود تھی۔ صرف شاہد خاقان ، خواجہ آصف اور سعد رفیق ہی موجود نہیں تھے۔

  
مریم نواز نے عندیہ دیا کہ وہ بہت جلد لیگی کارکنوں کے ہمراہ سڑکوں پر بھی نکلیں گی، ملک گیر احتجاجی جلوسوں، ریلیوں سمیت گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کے لئے بھی مریم نواز ہی فرنٹ فٹ پر کھیلیں گی۔ 

واضح رہے شہباز شریف کی گرفتاری پر مریم نواز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف کو ڈرانا سب سے بڑی بیوقوفی ہے، شہباز شریف کو جیل میں بند کرنے سے تحریک نہیں روکے گی، ہمارا روڈ میپ بن چکا ہے۔شہباز شریف کو جیل میں بند کرنے سے تحریک نہیں روکے گی، ن اور ش متحد ہیں، جب نواز شریف فیصلہ کرتے ہیں تو شہباز شریف لبیک کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کفر کی حکومت چل سکتی ظلم کی نہیں، پاکستان میں پہلی مرتبہ گناہ کرنیوالے احتساب سے بالاتر ہیں۔

یاد رہے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو نیب کی عدالت میں پیش کردیا گیا ،احتساب عدالت نے انہیں ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔عدالت نے ملزم کو دوبار ہ 13 اکتوبر کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے، شہباز شریف 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے پاس رہیں گے۔

Azhar Thiraj

Senior Content Writer