ویب ڈیسک: بھارت میں مشرقی ساحلی علاقوں کی جانب بڑھنے والے سمندری طوفان مونتھا (Cyclone Montha) کے پیش نظر آندھرا پردیش، اوڈیسا اور قریبی ریاستوں میں ہنگامی اقدامات کیے گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے طوفان کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کئی اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔ خلیج بنگال میں بننے والا یہ طوفان اب شدید سمندری طوفان (Severe Cyclonic Storm) کی شکل اختیار کر چکا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ آندھرا پردیش کے ساحلی شہر کاکیناڈا کے قریب زمین سے ٹکرائے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان اس وقت میچلی پاٹنم کے جنوب مشرقی حصے کی سمت بڑھ رہا ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جب یہ ساحل سے ٹکرائے گا تو اس کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔ توقع ہے کہ اس دوران ہوا کی رفتار 90 سے 110 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ جائے گی، جبکہ بعض جھکڑ اس سے بھی تیز ہو سکتے ہیں۔ طوفان کے زیرِ اثر سمندر میں لہروں کی اونچائی میں خطرناک حد تک اضافہ متوقع ہے، جس سے ساحلی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
بھارتی محکمہ موسمیات نے آندھرا پردیش کے 19 اضلاع میں شدید بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ اس کے علاوہ تامل ناڈو، تیلنگانا، کیرالا اور کرناٹکا میں بھی طوفانی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ریاستی حکومتوں نے ماہی گیروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اگلے چند روز تک سمندر میں جانے سے گریز کریں کیونکہ سمندر کی صورتحال انتہائی خطرناک ہو سکتی ہے۔
ڈیزاسٹر منیجمنٹ حکام کے مطابق خطرے کے شکار ساحلی علاقوں سے اب تک 38 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ آندھرا پردیش حکومت کا کہنا ہے کہ تقریباً 40 لاکھ افراد ممکنہ طور پر طوفان سے متاثر ہونے والے علاقوں میں رہائش پذیر ہیں۔ ریاستی وزیرِ مواصلات نارا لوکیش کے مطابق ایک ہزار 238 دیہاتوں سے انخلا کی ہدایت دی گئی ہے اور ایک ہزار 906 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 364 اسکولوں کو عارضی پناہ گاہوں میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
ریاستی انتظامیہ کے مطابق طوفان کے باعث اسکولوں اور کالجوں کو دو روز کے لیے بند کر دیا گیا ہے جبکہ متعدد اضلاع میں ہائی ویز اور اندرونی شاہراہوں پر ٹریفک معطل ہے۔ ریل سروس اور فضائی پروازوں کو بھی جزوی طور پر متاثر ہونے کی اطلاع ہے۔ کئی ریل گاڑیاں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ وجے واڑا، وشاکھا پٹنم اور راجمنڈری ایئرپورٹس پر متعدد پروازیں ملتوی کی گئی ہیں۔
ادھر اوڈیسا میں بھی انتظامیہ نے ہنگامی اقدامات کیے ہیں۔ ریاستی ڈیزاسٹر منیجمنٹ حکام کے مطابق اب تک 32 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ اوڈیسا کے ساحلی اضلاع گنجام، گجپتی اور پوری میں شدید بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق این ڈی آر ایف (نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس) اور ایس ڈی آر ایف کی درجنوں ٹیمیں متاثرہ اضلاع میں تعینات کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
موسمی ماہرین کے مطابق طوفان مونتھا اگلے 24 گھنٹوں میں مزید شدت اختیار کر سکتا ہے اور خلیج بنگال سے اٹھنے والی یہ موسمی لہر جنوبی بھارت کے علاوہ مشرقی حصوں میں بھی غیر معمولی بارشیں برسا سکتی ہے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گھر میں رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔