ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد میں پولیس پر فائرنگ؛ اے ایس آئی شہید، کانسٹیبل شدید زخمی

اسلام آباد میں پولیس پر فائرنگ؛ اے ایس آئی شہید، کانسٹیبل شدید زخمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : فیض آباد میٹرو اسٹیشن کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سی آئی اے کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر  سدھیر احمد عباسی شہید ہوگئے، جبکہ کانسٹیبل جعفر جہانگیر شدید زخمی ہوا ۔ 

پولیس حکام کے مطابق سی آئی اے اسلام آباد کی ٹیم خطرناک ملزموں کا تعاقب کر رہی تھی، کہ اسی دوران ملزمان نے بچنے کے لیے  سی آئی اے  کی ٹیم پر فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں اے ایس آئی سدھیر احمد عباسی موقع پر ہی جامِ شہادت نوش کر گئے، جبکہ اُن کا ساتھی کانسٹیبل جعفر جہانگیر  زخمی ہو گیا، جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ حملہ آوروں کی شناخت کر لی گئی ہے اور انہیں جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ مختلف علاقوں میں کومبنگ آپریشن جاری ہے، اور عوام سے بھی تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔

شہید اے ایس آئی سدھیر احمد عباسی کی نماز جنازہ پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں ڈی سی اسلام آباد، اعلیٰ پولیس افسران، ضلعی انتظامیہ کے اہلکاروں اور پولیس جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہید کو پولیس اعزاز کے ساتھ سلامی دی گئی، جس کے بعد ان کی میت آبائی گاؤں ٹھلہ ایبٹ آباد روانہ کر دی گئی جہاں سپرد خاک کیا جائے گا۔

پوری پولیس فورس نے اپنے شہید افسر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اُن کے قاتلوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، اور انہیں جلد از جلد قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا۔