(شہزادخان)ضلعی حکومت نےاعلان کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری مخصوص اوقات میں مارکیٹیں کھول سکتی ہے۔ صبح9سےشام7بجے تک دکانیں کھولنے کی اجازت ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر کی تاجر برادری کی بڑی کنفیوژن اے سی سٹی تبریز مری نے دور کردی۔اسسٹنٹ کمشنر تبریز مری نے تاجروں کو پیغام دیا کہ تاجر برادری جمعہ اور ہفتہ کے روز بھی شام سات بجے تک مارکیٹس وبازار کھول سکتے ہیں۔ جمعہ اور ہفتہ کے روز شہر کی تاجر برادری میں مارکیٹس وبازار کھلنے یا نہ کھلنے کے حوالے سے تاجر برادری میں ابہام پایا جارہا تھا جو اسسٹنٹ کمشنر تبریز مری نے دور کردیا۔
اے سی سٹی نے تاجروں کے استفسار پر پیغام کے ذریعے واضح کیا ہے کہ شہر بھر کی تاجر برادری صبح نو سے شام سات بجے تک مارکیٹ وبازار جمعہ اور ہفتے کو بھی کھول سکتے ہیں۔ تبریز مری کا کہنا ہے کہ عید سے قبل جاری کیا گیا نوٹی فیکیشن نافذ العمل ہے ۔جس کے مطابق پورا ہفتہ تاجر برادری پورا ہفتہ مارکیٹس وبازار صبح نو سے شام سات بجے تک مارکیٹس وبازار کھول سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ عیدالفطر سے قبل صدر لاہور چیمبر عرفان اقبال شیخ اور تاجر قائدین کا کہناتھا کہ کمزور معیشت کیساتھ ملک طویل لاک ڈاؤن کا متحمل نہیں ہوسکتا،عید الفطر تک تو حکومت نے مارکیٹوں اور بازاروں کو کھولنے کی اجازت دی مگر عید کے بعد مارکیٹوں اور بازاروں کی کیا صورتحال ہوگی؟ کاروباری برادری پریشانی میں مبتلا ہے۔
تاجر رہنماؤں کا کہناتھا کہ کمزور طبقہ لاک ڈاؤن سے پس جائے گا، ہر مارکیٹ سے تقریبا ًپندرہ ہزار سے زائد ڈیلی ویجز ملازمین منسلک ہیں، طویل لاک ڈاؤن سے بھوک و افلاس کا طوفان جنم لے گا۔اس موقع پرنائب صدر لاہور چیمبر میاں زاہد جاوید کا کہناتھا کہ لاکھوں لوگ فاقوں پر چلے جائیں گے،وزیراعظم عمران خان معاملے کی سنگینی کا جائزہ لیں۔
لاہور چیمبر اور تاجر برادری کے مرکزی قائدین کا کہناتھا کہ اب کورونا کیساتھ جینے کا لائف سٹائل اپنانا ہوگا تاکہ کاروباری سرگرمیاں بھی جاری وساری رہ سکیں۔