سٹی42: پاکستان میں سرکاری خرچے سے چاند تلاش کرنے والی روئیتِ ہلال کمیٹیوں نے تو آج چاند تلاش کرنے کے لئے رسمی اجلاس کئے ہی نہیں البتہ پاکستان کے کئی حصوں میں عوام نے از خود چاند دیکھ لیا اور مقامی علماؤں نے عوام مین سے چاند دیکھنے کی گواہی دینے والے مسلمانوں کی گواہیوں کو مان کر اتوار کے روز عید کرنے کا اعلان کر دیا۔
جی ہاں خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں میں کل اتوار کو عید ہو گی۔ وہاں آج شب تراویح نہیں پڑھی گئی۔
اب تک تصدیق ہونے والی اطلاعات کے مطابق خیبر پختونخوا میں ضلع خیبر،تحصیل باڑہ میں مسجدوں سے کل بروز اتوار نماز عید کے اعلانات ہوئے۔ باڑہ برقمبر خیل، شلوبر، اکاخیل، سپاہ اور ملک دین خیل کے مختلف حصوں میں کل بروز اتوار عید الفطر منائی جائے گی۔
ضلع خیبر میں پہلا روزہ بھی سعودی عرب کے ساتھ رکھا گیا تھا۔ آج وہاں لوگوں نے 29 روزے پورے رکھ لئے۔
عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے بھی سعودی عرب کے ساتھ اتوار کو عید منانے کا اعلان کیا ہے،ایمل ولی نے بیان میں کہا کہ ہم رمضان المبارک کی طرح عید بھی مسلم دنیا کے ساتھ منائیں گے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے فالوور خیبر پختونخوا کے تمام علاقوں مین موجود ہیں تاہم مردان، چارسدہ میں اے این پی اکثریت میں سمجھی جاتی ہے۔