علی ساہی: ٹریفک پولیس نے ٹرانسجینڈرز (خواجہ سرا) کو خواتین بھکاریوں کے خلاف کارروائی کے لیے بھرتی کر لیا۔ اس اقدام کے تحت 2 خواجہ سرا معصومہ اور کشش کو ٹریفک پولیس کی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے جو اب وکٹم سپورٹ آفیسر کے طور پر کام کریں گے۔
ٹریفک پولیس کے وکٹم سپورٹ افسران خواجہ سرا بھکاریوں کے خلاف کارروائیاں کریں گے اور بھکاریوں کی گرفتاری کے لیے آگاہی فراہم کریں گے۔ ان افسران کا مقصد خواجہ سراوں کو صحیح سمت میں رہنمائی فراہم کرنا اور بھکاریوں کے خلاف اقدامات میں ٹریفک پولیس کی مدد کرنا ہے۔
ٹریفک حکام نے خواتین بھکاریوں کے خلاف بھی کارروائی تیز کر دی ہے اور اس مقصد کیلئے لیڈی ٹریفک وارڈن ایجوکیشن ونگ کو متحرک کر دیا گیا ہے۔ خواتین ٹریفک اہلکار بھکاری خواتین کے خلاف کریک ڈاؤن کریں گی اور انہیں موقع سے پکڑ کر تھانوں یا ایدھی ہوم بھیج دیا جائے گا۔
سی ٹی او لاہور کی جانب سے بھکاریوں کے خلاف سخت اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ 2 ماہ میں سینکڑوں بھکاریوں کے خلاف مقدمات درج کرائے جا چکے ہیں اور ٹریفک پولیس اس مہم کو مزید تیز کرنے کے لیے پرعزم ہے۔