سٹی 42: آزاد کشمیر کے وزیر خزانہ چوہدری قاسم مجید نے پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مالی سال کا بجٹ عوام دوست، ریلیف پر مبنی اور ترقیاتی ترجیحات کا عکاس ہے، جس میں تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کے شعبوں کے لیے اربوں روپے مختص کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بجٹ میں تعلیمی پیکج، جامعات کے لیے گرانٹس اور صحت مراکز کی اپ گریڈیشن کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ محکمہ جنگلات کے 878 بیلداران کو مستقل کرنے کا فیصلہ بھی شامل ہے۔
وزیر خزانہ کے مطابق پولیس شہداء پیکج، محکمہ انسداد دہشت گردی (CTD) کے قیام، 473 نئی آسامیوں اور رائٹ مینجمنٹ پولیس (RMP) کے قیام کے ساتھ 1340 نئی اسامیوں کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے اسلحہ، اینٹی رائٹ سامان اور آنسو گیس کی خریداری کے لیے 47 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
چوہدری قاسم مجید نے کہا کہ اے جے کے بینک کو شیڈول بینک بنانے کے تمام تقاضے مکمل کر لیے گئے ہیں اور اس کی پہلی آن لائن برانچ اگست میں متوقع ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 1989-90 کے مہاجرین کے گزارہ الاؤنس میں 2500 روپے اضافہ کیا گیا ہے، محکمہ اطلاعات کے اشتہاراتی بجٹ میں 3 کروڑ روپے بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ حکومت نے مختصر مدت میں ایڈہاک ملازمین کو بھی مستقل کیا ہے۔