سٹی 42 : راولپنڈی کی تحصیل کہوٹہ میں قیدی وین سے 14 قیدی فرار ہوگئے۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق واقعہ سہالہ ضلع اسلام آباد کی حدود میں پیش آیا، متعلقہ پولیس سے کوآرڈینیشن جاری ہے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق وین میں قیدیوں کی آپس میں شدید لڑائی ہوئی جس کے بعد واقعہ پیش آیا۔ عدالت پیشی کے بعد قیدیوں کو اڈیالہ جیل منتقل کیا جارہا تھا، قیدی وین کو چیکنگ کیلئے روکا گیا تھا دروازہ کھولنے پر ایک قیدی نے پولیس اہلکاروں کی آنکھوں میں مرچیں پھینک دیں، اور 14 قیدی فرار ہوگئے۔
چکیاں پوسٹ کے قریب قیدیوں کی وین سے فرار پر پولیس کی اضافی نفری طلب کرلی گئی۔ کہوٹہ پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن کرنے ہوئے فرار ہونے والے 4 قیدی دوبارہ گرفتار کرلئے ، جبکہ 10 مفرور قیدیوں کی تلاش کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب قیدیوں کے فرار ہونے کی اطلاع پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے نوٹس لے لیا ، سینئر افسران کو فوری موقع پر پہنچ کر رپورٹ اور آپریشن کا حکم دے دیا گیا۔ پولیس نے کہوٹہ کے داخلی و خارجی راستے سیل کردئیے۔ پولیس نے چکیاں پوسٹ اور گردونواح کا محاصرہ کرکے ناکہ بندی سخت کرلی۔ مفرور قیدیوں کی گرفتاری کے لیے کہوٹہ روڈ پر گاڑیوں کی چیکنگ شروع کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کہوٹہ میں سکیورٹی ہائی الرٹ، شہریوں کو مشکوک افراد کی اطلاع دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ فرار افراد کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ واقعہ کے حوالے سے سینئر افسران کی زیر نگرانی تحقیقات کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے، ذمہ داران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی ۔