دورِ نایاب: پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی مجموعی فزیکل پراگریس 92 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ صرف چھ ماہ کی مدت میں بیشتر منصوبوں پر نمایاں پیش رفت حاصل کر لی گئی۔
محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق صوبے کے 15 اضلاع میں واسا ایجنسیاں 205 ارب روپے کی لاگت سے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہیں، جن میں پیچیدہ انجینئرنگ نوعیت کے منصوبے بھی شامل ہیں۔
محکمے کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 2 ہزار 265 کلومیٹر سیوریج لائنز بچھائی جا رہی ہیں، جبکہ 189 کلومیٹر برساتی ڈرینز کی تعمیر بھی جاری ہے۔ اس کے علاوہ 27 نئے ڈسپوزل اسٹیشنز قائم کیے جا رہے ہیں اور 59 پرانے ڈسپوزل اسٹیشنز کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔
محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق بارشی پانی کو محفوظ بنانے کے لیے 9 میگا واٹر اسٹوریج ٹینکس بھی تعمیر کیے جا رہے ہیں، جن سے شہری علاقوں میں نکاسی آب کے نظام کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔