علی رامے:پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے پنجاب) نے صوبے بھر میں آندھی، بارشوں اور ژالہ باری کے حوالے سے موسمی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اےکے ترجمان کے مطابق 1 سے 6 جولائی تک لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے جبکہ بعض علاقوں میں تیز آندھی اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اےعمر جاوید نے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
انہوں نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں اور کھلے مقامات یا کھلی فضا میں ہرگز موجود نہ ہوں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کسانوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی فصلوں اور دیگر زرعی سرگرمیوں کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات کریں۔
اسی طرح شمالی علاقوں کا سفر کرنے والے سیاحوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔