ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

طوفانی بارشیں:پی ڈی ایم اے نےالرٹ جاری کردیا

طوفانی بارشیں:پی ڈی ایم اے نےالرٹ جاری کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: ملک کے  بیشتر  مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہےاس دوران چند مقاما ت پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

 شہر  لاہور میں گرمی کے ساتھ حبس اور گھٹن کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا، جس کے باعث شہریوں کی روزمرہ زندگی متاثر ہونے لگی ہے۔ موسم کی صورتحال کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ کیا گیا ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ہوا میں نمی کا تناسب 87 فیصد اور  ہواؤں کی رفتار 10 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جس سے موسم میں وقتی بہتری آ سکتی ہے تاہم حبس برقرار رہنے کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔

شہر میں حبس کی وجہ سے لوگوں کو سانس لینے میں دشواری اور تھکن کی شکایات بڑھ رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسمی تبدیلیوں سے باخبر رہنے اور حفاظتی تدابیر اپنانے کی تلقین کی ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے اسلام آباد اور شمال مشرقی پنجاب میں بادل برسنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق بارشوں کے باعث پنجاب کے کئی شہروں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے، جس کا باقاعدہ الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔اس کے علاوہ کراچی سمیت سندھ میں مزید بارشیں متوقع ہیں، حیدر آباد، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، گھوٹکی اور تھرپارکر میں بادل برسیں گے۔

 خیبرپختونخوا میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کے بعد صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کئے گئے ہنگامی الرٹ کے مطابق مختلف اضلاع میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے،اس کے علاوہ سوات، چترال، ایبٹ آباد، مانسہرہ، پشاور، بنوں اور وزیرستان کے علاقوں میں بھی شدید بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی اور سیلابی کیفیت پیدا ہونے کا امکان ہے۔

 پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سوات، پنجکوڑا اورمعاون ندیوں میں پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جبکہ دریائے کابل میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران کم درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

 پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اورنشیبی علاقوں میں مقامی ندی نالوں میں طغیانی آنے کا امکان بھی موجود ہے، جس کے باعث پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کرتے ہوئے پیشگی اقدامات کی ہدایت کر دی ہے۔

 ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی اداروں کو چوکنا رہنے، دستیاب وسائل کو بروئے کار لانے، اور ایمرجنسی رسپانس کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

 پی ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ کو حساس مقامات پر ٹریفک کنٹرول، ندی نالوں اور ڈرینج سسٹمز کی صفائی، اور متبادل راستوں کی نشاندہی کی ہدایت بھی کی ہے جبکہ کسانوں کو فصلوں کی جلد کٹائی اور محفوظ مقامات پر ذخیرہ کرنے جبکہ مویشی پال حضرات کو اپنے جانوروں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

 پی ڈی ایم اے نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ آندھی، ژالہ باری یا گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر پناہ لیں اور بلا ضرورت سفر سے گریز کریں۔ ،قومی و صوبائی شاہراہوں پر سفر کرنے والے مسافروں کو محتاط رہنے اور ممکنہ متبادل راستے اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

 پی ڈی ایم اے نے تمام اداروں کو ہدایت کی ہے کہ موسمی الرٹ مقامی زبانوں میں عوام تک پہنچائے جائیں تاکہ کسی ہنگامی صورت حال سے بروقت نمٹا جا سکے۔