سٹی 42:کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کا ہری پور میں آپریشن، پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں اٹک کا مطلوب ملزم ور اس کا والد ہلاک۔
کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) نے دعویٰ کیا ہے کہ انٹیلی جنس اطلاعات پر کیے گئے ایک آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں اٹک کا مطلوب ملزم ضرغام اور اس کا والد انعام اللہ ہلاک ہوگئے۔پولیس کے مطابق سی سی ڈی کی ٹیم نے ہری پور میں ملزم کے مبینہ ٹھکانے پر چھاپہ مارا، جہاں ملزمان نے خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی میں دونوں ہلاک ہوگئے، جبکہ سی سی ڈی کے تمام اہلکار محفوظ رہے۔
سی سی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے میں جدید خودکار ہتھیار موجود تھے اور شدید فائرنگ کے باعث آپریشن کے دوران بکتر بند گاڑی بھی طلب کی گئی۔پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم اس کے اہلِ خانہ کو بحفاظت نکال لیا گیا، جبکہ دیگر مبینہ ساتھی موقع سے فرار ہوگئے۔ ان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
اٹک میں خوف کی علامت سمجھے جانے والے بدنام زمانہ بھتہ خور ضرگام کے سی سی ڈی کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ہونے کی خبر پر امن پسند شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ضرغام قتل، اغوا برائے تاوان، اقدامِ قتل، بھتہ خوری، منشیات فروشی اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔