عرفان ملک:لاہور پولیس نے ون ویلنگ اور خطرناک ریسنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن مزید تیز کرتے ہوئے رواں ماہ 104 افراد کو گرفتار کر لیا، جبکہ 94 افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال اب تک ون ویلنگ میں ملوث 872 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ مجموعی طور پر 920 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور سڑکوں پر محفوظ ٹریفک ماحول کے قیام کے لیے ون ویلنگ اور خطرناک اسٹنٹس میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے یا عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ون ویلنگ، ریسنگ اور دیگر خطرناک سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔
بلال صدیق کمیانہ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ شاہراہوں کو ریسنگ ٹریک بنانے سے گریز کریں اور اپنی جان کے ساتھ ساتھ دوسروں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں نہ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی مہذب معاشروں کی پہچان ہے اور محفوظ سفر کے لیے ہر شہری کو ان قوانین پر عمل کرنا چاہیے۔
لاہور پولیس نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ون ویلنگ، غیر قانونی ریسنگ یا دیگر خطرناک سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ پولیس حکام کو دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔