علی ساہی:ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے موٹر سائیکل سواروں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کیلئے صوبہ بھر میں خصوصی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ انہوں نے تمام چیف ٹریفک افسران ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران اور فیلڈ افسران کو موٹر سائیکل سواروں میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی بڑھانے اور حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان پنجاب ٹریفک پولیس کے مطابق صوبے میں ٹریفک حادثات میں سب سے زیادہ موٹر سائیکل سوار ملوث ہوتے ہیں، جبکہ پنجاب میں رجسٹرڈ گاڑیوں کا 70 فیصد سے زائد حصہ موٹر سائیکلوں پر مشتمل ہے۔ اسی تناظر میں موٹر سائیکل سواروں کی حفاظت کو اولین ترجیح بنایا گیا ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے کہا کہ موٹر سائیکل سواروں کو محفوظ سفر کیلئے لازماً ہیلمٹ استعمال کرنا چاہیے، جبکہ موٹر سائیکل پر انڈیکیٹرز، سائیڈ ویو مررز اور دیگر حفاظتی آلات کو فعال حالت میں رکھنا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری لین لائن کی پابندی کریں اور ٹریفک قوانین پر عمل کرکے اپنی اور دوسروں کی جانوں کو محفوظ بنائیں۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ہیلمٹ، سائیڈ ویو مررز اور انڈیکیٹرز کی افادیت کے بارے میں عوامی آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے، جبکہ حفاظتی اقدامات پر عمل نہ کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل سواروں کو محفوظ سفری ماحول فراہم کرنا پنجاب ٹریفک پولیس کا بنیادی مشن ہے، اور اس مقصد کے حصول کیلئے آگاہی اور قانون پر عمل درآمد دونوں کو یکساں اہمیت دی جا رہی ہے۔