حافظ شہباز: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹ کے معیار کو مزید بہتر بنانے کیلئے ایک نئی فٹنس پالیسی متعارف کرا دی ہے جو 2025-26 سیزن سے نافذ العمل ہوگی۔
پی سی بی کے اعلان کے مطابق اب تمام ریجنل اور ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کے کھلاڑیوں کو سیزن سے قبل فٹنس ٹیسٹ دینا ہوگا۔ پہلی بار ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کے کھلاڑیوں کے بھی باضابطہ فٹنس ٹیسٹ لیے جائیں گے۔پی سی بی کے سٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچز اگست 2025 میں 400 سے زائد کھلاڑیوں کی فٹنس کا جائزہ لیں گے تاکہ سیزن کی تیاریوں کا آغاز مؤثر انداز میں ہو سکے۔نئی پالیسی کے تحت پاتھ وے پروگرام اور ایج گروپ کرکٹ (U-13، U-16، U-19) کے لیے بھی فٹنس ٹیسٹ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
کھلاڑیوں کو فٹنس ٹیسٹ پہلی یا دوسری کوشش میں پاس کرنا ضروری ہوگا، بصورت دیگر ان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت پر پابندی عائد ہو سکتی ہے۔
اس حوالے سے پی سی بی کے سٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ ڈائریکٹر یاسر ملک کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ ٹیلنٹ کی نرسری ہے اور یہاں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔