ویب ڈیسک : پی ٹی اے نے انکشاف کیا ہے کہ اندازہ ہے کہ پاکستانیوں کے موبائل فون ہیک کرنے میں واٹس ایپ نے پیگاسس کی مدد کی ۔
رپورٹ کے مطابق قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں پی ٹی اے حکام نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ پیگاسس کے ذریعے دنیا بھر میں جاسوسی کی گئی تاہم پاک فوج نے پہلے ہی بروقت ایکشن لیا اور اسمارٹ فون پر پابندی عائد کی۔ پی ٹی اے حکام نے بتایا کہ انکرپشن توڑی نہیں جاسکتی اور پیگاسس آپ کا مائیک ہیک کرلیتا ہے، ہمارا اندازہ ہے کہ واٹس ایپ نے ان کی مدد کی ہے۔ پیگاسس بنانے والی این ایس او نے جو کچھ کیا ہمارے اندازے میں واٹس ایپ اس میں شامل تھا جبکہ گوگل کے پاس ہماری سائبر ایکٹیوٹی کا سارا ریکارڈ موجود ہے۔
ایڈیشنل سیکرٹری وازرت داخلہ نے امجد علی خان کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی دفاع کو سائبر کرائم کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا کہ دنیا میں ہمارے قوانین کو تسلیم نہیں کیا جاتا، یہ ایک بڑا مسئلہ ہے جب کہ ڈی جی سائبر کرائم کا کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف آنے سے اب کنٹری ٹو کنٹری تعاون ممکن ہوگیا ہے، عالمی سطح پر پولیس رابطے کی اجازت مل گئی ہے۔
ڈی جی ایف آئی اے سائبر کرائمز نے مزید بتایا کہ اب ڈارک ویب، پورنوگرافی اور ایسے دیگر سائبرکرائمز کی اطلاعات ہمیں دیگر ملکوں سے مل رہی ہیں جبکہ فیس بک، ٹویٹر اور دیگرسوشل میڈیا پلیٹ فارم نے ہمیں پورٹل دے رکھے ہیں، ہم وہاں شکایات درج کرواتے ہیں مگر ہمیں صرف 34 فیصد جواب دیے جاتے ہیں۔