طاہر جمیل:عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بسنت کے موقع پر محفوظ ٹرانسپورٹ کی فراہمی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
حادثات سے بچاؤ کے پیش نظر موٹر سائیکل کے بجائے شہریوں کو جدید اور محفوظ ای بس سروس کی سہولت مہیا کی جا رہی ہے۔
سی ای او میٹرو بس سروس کوثر خان کا کہنا تھا کہ لاہور میں روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں شہری پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کرتے ہیں، اسی لیے بسنت کے دوران محفوظ اور منظم سفری سہولت ناگزیر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بسنت کے موقع پر لاہور میں 3 روز تک محفوظ اور مفت ای بس سروس فراہم کی جائے گی۔
کوثر خان کا مزیدکہنا تھا کہ بسنت پر عوام کے لیے محفوظ، آرام دہ اور مفت سفر کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ موٹر سائیکل کے بجائے محفوظ ای بس سروس کو ترجیح دیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے عین مطابق عوامی سہولت اور شہریوں کی سیفٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اسی مقصد کے تحت بسنت کے موقع پر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔