سٹی42: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جہاں شائقین کرکٹ کو ایک سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے۔ میچ کی پہلی گیند شام 4 بجے کرائی جائے گی جبکہ ٹاس 3 بج کر 30 منٹ پر ہوگا۔
آسٹریلوی ٹیم میں شامل جیک ایڈورڈز، جوش فلپ، مہلی بیئرڈمین، میتھیو کونا مین اور زیویئر بارٹلیٹ پہلی بار پاکستان آئے ہیں۔ مہلی بیئرڈمین اور جیک ایڈورڈز ابھی تک انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو نہیں کر سکے، تاہم اس سیریز میں ان کے ڈیبیو کا امکان ہے۔
پاکستان کے 16 رکنی اسکواڈ نے 25 جنوری کو ٹریننگ کیمپ جوائن کیا تھا اور سیریز سے قبل قومی ٹیم نے بھرپور پریکٹس سیشنز کیے۔ شائقین کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی بھی آج قذافی اسٹیڈیم میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اب تک 28 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں پاکستان نے 12 جبکہ آسٹریلیا نے 14 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔ قذافی اسٹیڈیم میں آسٹریلیا ایک ٹی ٹونٹی میچ جیت چکا ہے۔
دونوں ٹیمیں اب تک 9 دو طرفہ ٹی ٹونٹی سیریز کھیل چکی ہیں۔ پاکستان نے 2009، 2010، 2012 اور 2018 میں سیریز اپنے نام کی، جبکہ آسٹریلیا پانچ مرتبہ سیریز جیتنے میں کامیاب رہا ہے۔
دوسری جانب پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز کے دوران لاہور پولیس کی جانب سے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کے مطابق شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی جبکہ ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں اور شائقین کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
سکیورٹی انتظامات کے تحت 9 ایس پیز، 25 ڈی ایس پیز اور 73 ایس ایچ اوز تعینات کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 351 اپر سب آرڈینیٹس، 188 لیڈی کانسٹیبلان سمیت 6 ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ سیریز کے دوران ایک ہزار سے زائد وارڈنز بھی سکیورٹی فرائض انجام دیں گے۔
سی سی پی او لاہور کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان لاہور میں ٹی ٹونٹی سیریز کے تین میچز کھیلے جائیں گے، جن کے لیے سٹیڈیم، کھلاڑیوں کی رہائش گاہوں اور آمد و رفت کے روٹس پر سکیورٹی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
بلال صدیق کمیانہ نے ہدایت کی ہے کہ سٹیڈیم میں داخلے سے قبل ہر فرد کی مکمل تلاشی لی جائے جبکہ خواتین شرکاء کی چیکنگ لیڈیز پولیس کے ذریعے عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے افسران کو پی سی بی اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنے کی بھی ہدایت کی۔
سی سی پی او نے مزید کہا کہ میچز کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے جبکہ ڈولفن فورس، پیرو، اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں مؤثر پٹرولنگ یقینی بنائیں گی۔ سینئر پولیس افسران فیلڈ میں موجود رہیں گے اور سکیورٹی صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں گے۔