سٹی 42 : ملک بھر میں کورونا وائرس سے ایک دن میں 46 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ ایک ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 43 ہزار 381 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 78 لاکھ48 ہزار 316 ہوگئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید ایک ہزار 644 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 41 ہزار 031 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ44 ہزار 340 ، پنجاب میں ایک لاکھ 56 ہزار 404، خیبر پختونخوا میں 66 ہزار 451، اسلام آباد میں 41 ہزار 176، بلوچستان میں 18 ہزار 798، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 953 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 909 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد32ہزار726 ہے۔ جب کہ2 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 46 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 11 ہزار 560 ہوگئی ہے۔این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 2 ہزار 167 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 96 ہزار 745 ہوگئی ہے۔
دوسری جانب عالمی وبا کورونا وائرس کی ویکسین کی پہلی کھیپ ہفتے کے روز پاکستان پہنچنے کے امکانات ہیں۔وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہےکہ پی آئی اے کا خصوصی طیارہ آج ویکسین لینے کے لیے بیجنگ روانہ ہوگا اور چین سے یہ ویکسین مفت لائی جائےگی۔ آئندہ ہفتے کے آغاز سے پاکستان پہنچنے والی پہلی کھیپ میں ویکسین ہیلتھ ورکرز کو لگائی جائےگی۔علاوہ ازیں پرائیویٹ سیکٹر میں پاکستان میں آئندہ 5 ماہ تک بھی ویکسین کے پہنچنے کے امکانات انتہائی کم ہیں۔