(یاور ذوالفقار) پاکستان مسلم لیگ( ن) کے رہنما رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ حکومت کرونا وائرس کا خوف پھیلا کر لوگوں کی توجہ مہنگائی سے ہٹانا چاہتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا ءاللہ نے ہائیکورٹ بار کے انتخابات کیلئے ووٹ کاسٹ کیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بار ایسوسی ایشن میں ہر سال الیکشن ہوتے ہیں، سیاسی حکومتیں بار کے الیکشن میں مداخلت نہیں کرتیں، وکلاء برادری ہمارے ملک میں جمہوریت کی بنیاد ہے، رزلٹ آنے کے بعد وکلاء برادری ایک ہو جائے گی۔
سابق وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ چینی کی قیمت بڑھا کر اے ٹی ایم مافیا نے اپنی جیبیں بھری ہیں، حکومت کرونا وائرس کے متعلق اقدامات کرنے میں ناکام نظر آرہی ہے، چینی، آٹے کی طرح ماسک کا بھی بحران پیدا کرکےذخیرہ اندوزوں کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔
نیب کے معاملہ پر راناثناء اللہ نے کہا کہ نیب کا قانون کالا قانون ہے، احتساب صرف اپوزیشن کا ہی ہورہا ہے۔
خیال رہے کہ آج لاہور ہائیکورٹ بار کے سالانہ انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا، 4 عہدوں کیلئے 16 امیدواروں میں کانٹے کا مقابلہ ہوگا، روایتی حریف عاصمہ جہانگیر گروپ اور حامد خان گروپ مدمقابل ہیں۔