گرین پاکستان انیشیٹیو کی آمدن کا بڑا حصہ صوبوں کو جاۓگا،آرمی چیف کا نیشنل فارمرز کنوینشن سےخطاب

General Asim Munir, Pak Army, Green Pakistan Initiative, City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ    گرین پاکستان انیشیٹیو کی آمدن کا بڑا حصہ صوبوں کو جاۓگا،پاکستان آرمی کا اس منصوبہ میں کردار  صرف عوام اور کسانوں کی خدمت کا ہے۔

 آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ زراعت اور مویشی بانی تقریباً ہر نبی کا پیشہ رہا ہے، کیونکہ اس پیشے میں ڈسپلن، تکلیف، نمو، اور صبر شامل ہیں، جن کے نتیجے میں بے تحاشہ انعامات ملتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  پاکستان کے بارے میں افواہیں اور منفی باتیں بتائی جا رہی ہیں، لیکن آپ کو پتہ ہونا چاہئے کہ کلمۂ کے نام پر دو ہی ریاستیں قائم ہوئیں، ریاست طیبہ اور ریاست پاکستان، یہ محض اتفاق نہیں ہے۔پاکستان وسائل سے مالا مال ہے، پاکستان کے پاس، گلیشیر، دریا، پہاڑ، اور زرخیز زمین ہے جس سے دنیا کا بہترین چاول، کینو اور آم جیسے پھل، گرینائٹ، سونا اور تانبا جیسے خزانے موجود ہیں۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ انیس سوساٹھ کی دہائی میں پاکستان ایشیا کا تیزی سے ترقی کرنے والا ملک تھا، لیکن ہم نے قائداعظم کے تین زریں اصولوں ایمان، اتحاد، تنظیم کو بھلا دیا، جس کی وجہ سے تنزلی کا شکار ہوئے۔

 آرمی چیف نے کہا کہ گرین پاکستان انیشیٹیو کا مقصد یہ ہے کہ ہمیں سب سے پہلے زراعت پر کام کرنا ہے، گرین پاکستان انیشیٹیو کی آمدن کا بڑا حصہ صوبوں کو جاۓ گا،جبکہ باقی حصہ کسانوں اور زرعی ریسرچ کے لئے رکھا جائے گا۔ فوج کا اِس  منصوبہ میں کردار صرف عوام اور کسانوں کی خدمت ہے۔

جنرل عاصم منیر نے بتایا کہ گرین پاکستان انیشئیٹو کے تحت تمام اضلاع میں زرعی مالز Agriculture Malls کا انعقاد کیا جائے گا جہاں کسانوں کو ہر طرح کی زرعی سہولیات میسر ہوں گی۔آسان زرعی قرضوں، کولڈ سٹوریج کی چین، موسمیاتی تبدیلی کے تاثرات سے محفوظ بیج اور جینیٹیکلی انجنئیر ڈ لائیو سٹاک کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

 آرمی چیف نے اپنے خطاب کے دوران حالاتِ حاضرہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر قسم کے مافیا کی قوم کے ساتھ ملکر سرکوبی کریں گے۔سوشل میڈیا پر ہیجان ، مایوسی اور افراتفری کا ماحول پیدا کر کے جھوٹی خبروں کے ذریعے یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ جیسے ریاست اپنا وجود کھوتی جا رہی ہے۔

آرمی چیف کے خطاب کے دوران کسان  بار بار نعرہ تکبیر اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔کسان کنونشن کے دوران کسانوں نے پاک فوج زندہ باد کے بھی نعرے لگائے۔