( جمال الدین ) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کا ٹھوکر نیاز بیگ میں قائم پناہ گاہ کا دورہ، وزیراعلی پنجاب نے پناہ گاہ میں سہولیات کا جائزہ لیا وہاں مقیم افراد سے ملاقات کی۔ لوگوں نے پناہ گاہ کوعوامی فلاح و بہبود کیلئے پی ٹی آئی حکومت کا بڑا کارنامہ قرار دیا۔
وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار نے ٹھوکر نیاز بیگ میں قائم پناہ گاہ کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان، رکن پنجاب اسمبلی ندیم بارا، سیکرٹری اطلاعات اور ڈپٹی کمشنر بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ وزیراعلی نے پناہ گاہ میں مقیم لوگوں سے ملاقات کی اور پناہ گاہ میں مقیم لوگوں میں گھل مل گئے۔ وزیراعلیٰ نے ان کے پاس جاکر فرداً فرداً ہاتھ ملایا اور ان کے ساتھ زمین پر بیٹھ گئے۔ پناہ گاہ کے کھانے کا معیار بھی چیک کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا پناہ گاہ جیسے فلاحی منصوبے تحریک انصاف کی حکومت کا منفرد اقدام ہے۔ ہماری حکومت نے کھلے آسمان تلے سونے والے افراد کو چھت دی ہے۔ نئی پناہ گاہیں بھی تعمیر کی جارہی ہیں تمام پناہ گاہوں میں سردی کی مناسبت سے تمام سہولیات کی فراہمی کا حکم دے دیا ہے۔
پناہ گاہ میں مقیم افراد بھی حکومت کی جانب سے قائم کی گئی پناہ کی تعریف کرتے رہے۔ ان کا کہنا تھا پی ٹی آئی کی حکومت ںے غریبوں کیلئے اچھا منصوبہ شروع کیا۔ پناہ گاہ میں غریب افراد کو رات بسر کرنے کی جگہ ملتی ہے۔ شام کا کھانا اور صبح کا ناشتہ بھی ملتا ہے۔ مزدور اور مسافر حکومتی منصوبے سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔