ویب ڈیسک : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی، جس میں دونوں فریقین نے پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا، ساتھ ہی تجارت، سرمایہ کاری اور سکیورٹی تعاون کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں خطے میں امن و استحکام، انسداد دہشت گردی، منی لانڈرنگ اور سائبر کرائمز جیسے بڑھتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا، جبکہ باہمی دلچسپی کے دیگر امور کو بھی زیر بحث لایا گیا تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات کو ایک نئی جہت دی جا سکے۔ اس کے علاوہ پاکستان کو امریکا میں مطلوب شہریوں کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی جب کہ بارڈر سکیورٹی، انسداد منشیات، کوسٹ گارڈز اور فرانزک کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
قائم مقام امریکی سفیر نے خیبرپختونخوا اور پنجاب میں سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا اور متاثرین سے ہمدردی ظاہر کی۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان میں تیل کے ذخائر بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششوں کا بیان خوش آئند ہے۔
قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان کے ساتھ تعاون کے نئے مواقع تلاش کیے جا رہے ہیں۔
ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا اور ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ میجر جنرل نور ولی خان بھی موجود تھے۔