طاہر جمیل: عوامی نیشنل پارٹی پنجاب کے وفد نے محکمہ داخلہ پنجاب کا دورہ کیا، جہاں امن و امان اور انتظامی امور پر تفصیلی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کی صدارت چیئرمین کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کی، جبکہ سپیشل سیکرٹری داخلہ فیصل فرید، ڈی جی اوقاف انیس الرحمن، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی ماہم آصف ملک اور اے آئی جی آپریشنز زاہد نواز مروت سمیت اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
وفد کی قیادت اے این پی پنجاب کے جنرل سیکرٹری امیر بہادر خان ہوتی نے کی۔ اجلاس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء اور پنجاب میں مقیم پختون برادری کے نمائندگان بھی موجود تھے۔
ملاقات میں پختون کمیونٹی کو درپیش مسائل، انتظامی مشکلات اور دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وفد نے کمیونٹی کو درپیش چیلنجز اجاگر کیے اور ان کے حل کیلئے مؤثر میکنزم بنانے کی تجویز پیش کی۔
فریقین نے مستقبل میں رابطے، مشاورت اور تعاون کے تسلسل کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔