شاہد ندیم سپرا: موسم میں خوشگوار تبدیلی کے باعث لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے سسٹم پر بجلی کی طلب میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، تاہم اس کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق حالیہ بارشوں کے بعد بجلی کی طلب میں تقریباً 1000 میگاواٹ کمی آئی ہے، جس کے بعد مجموعی طلب 2100 میگاواٹ تک ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ اسی طرح نیشنل پاور کنٹرول سینٹر سے بجلی کی فراہمی بھی 2100 میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے، جس کے باعث سسٹم پر طلب اور رسد برابر ہو گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر سسٹم میں صفر شارٹ فال ہے، تاہم اس کے باوجود بعض علاقوں میں لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق لائن لاسز اور بجلی چوری کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں تین گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول نافذ کیا گیا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ وفاقی حکومت کی ہدایات کے مطابق زیادہ لائن لاسز اور بجلی چوری والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، جبکہ کم لاسز والے علاقوں کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔