ویب ڈیسک: بھارت میں شادیوں کے موقع پر ہونے والے مضحکہ خیز واقعات کی ویڈیو سوشل میڈیا وائرل ہورہی ہیں، ایک اور واقعہ منظرعام پر آیا جس میں شادی کی خوشیاں غم میں بدل گئیں۔
اتر پردیش ضلع کے ہمیدور گاؤں میں شادی کی تقریب کے دوران نشے میں دھت شخص نے باراتیوں پر ٹرک چڑھا دیا، واقعے میں کم از کم پانچ افراد زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق راجناتھ یادو نامی شخص کی بیٹی کی شادی کی رسومات جاری تھیں۔ باراتی پنڈال میں بیٹھے خوشیوں میں مصروف تھے کہ اچانک ایک ٹرک پنڈال میں گھس آیا جس نے متعدد افراد کو روند ڈالا۔
عینی شاہدین کے مطابق ڈرائیور دھرمندر یادو، جو اسی گاؤں کا رہائشی ہے اور دولہا کے رشتہ داروں سے جان پہچان رکھتا ہے، شدید نشے کی حالت میں تھا۔ اس کی باراتیوں سے کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی تھی جس کے بعد اس نے غصے میں آ کر یہ قدم اٹھایا۔
واقعے کے بعد دھرمندر نے قریبی دیوار سے بھی گاڑی ٹکرا دی جس سے مزید نقصان ہوا۔
متاثرہ خاندان کی جانب سے مگھلسرائے تھانے میں شکایت درج کرائی گئی ہے، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دھرمندر یادو کے خلاف تعزیراتِ ہند کی دفعہ 173 کے تحت ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ واقعے کے بعد گاؤں میں افسوس اور غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔