وقار گھمن : کورونا حفاظتی کٹس،راشن کی تقسیم میں مسلم لیگ ن پیش پیش ۔
جامعہ نعیمیہ میں مسلم لیگ ن کی جانب سے کورونا حفاظتی کٹس تقسیم کی گئیں ،لیگی رہنماخواجہ عمران نذیر، علی پرویز ملک، چودھری شہبازنے کٹس مفتی راغب حسین نعیمی کے حوالے کیں۔ عمران نذیر کہتے ہیں کورونا ٹیسٹ کی قیمت کم کی جائے۔
اس موقع پر سید توصیف شاہ ، چودھری فیاض ورک سمیت دیگر بھی موجود تھے۔نمازیوں میں ماسک، سینی ٹائزر، صابن پر مشتمل کٹس تقسیم کی گئیں۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا جب ڈینگی آیا تو شہباز شریف نے کٹ تیار کی تھی ۔ پورے ملک میں بغیر تشہیر کے راشن بھی تقسیم کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنے حلقوں میں سپرے بھی کروارہے ہیں ،جب تک حکمران کورونا ٹیسٹوں میں اضافہ نہیں کریں گے، اس وبا پر قابو نہیں پاسکتے ۔جن کو علامات نہیں ان کو گھر میں سیلف آئیسولیشن کی اجازت ہونی چاہیے۔مساجد پر زیادہ سختی ہورہی جس کی مذمت کرتے ہیں ۔باقی جگہوں پر بھی سماجی دوری کے حوالے سے ایسی ہی سختی ہونی چاہئے۔
یاد رہے پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے حملوں میں تیزی آگئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس سے مزید 28 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 327 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 14787 تک جا پہنچی ہے، اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 114 افراد انتقال کر چکے ہیں جبکہ سندھ میں 92، پنجاب میں 95، بلوچستان میں 14، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔حکومت،پاک فوج،سماجی اور سیاسی تنظمیں عوام کو مشکلات سے نکالنے میں پیش پیش ہیں۔سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر ن لیگ بھی خدمت میں پیش پیش ہے۔