سٹی 42 : ہالی وڈ اور بالی وڈ کی 100 سے زائد فلموں میں کام کرنے والے اداکار عرفان خان ممبئی میں وفات پا گئے ہیں۔54 سالہ عرفان خان نیورو اینڈوکرائن ٹیومر کا شکار تھے اور لندن سے علاج کروانے کے بعد گذشتہ برس واپس انڈیا آئے تھے۔یہ بیماری انسانی جسم میں ان خلیوں کو متاثر کرتی ہے جو خون کے بہاؤ میں ہارمونز خارج کرتے ہیں۔
انھیں منگل کو ممبئی کے کوکیلابین ہسپتال میں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں داخل کیا گیا تھا اور ان کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا تھا کہ عرفان خان کو بڑی آنت کے انفیکشن کے باعث ہسپتال لایا گیا ہے۔ ترجمان نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'مجھے یقین ہے کہ میں ہار چکا ہوں۔ اداکار عرفان خان نے یہ دل چھونے لینے والی بات اپنے سنہ 2018 کے ایک نوٹ میں کہی تھی جب وہ کینسر کی بیماری سے لڑ رہے تھے اور آج ہم یہ افسوسناک خبر دے رہے ہیں کہ وہ ہمارے درمیان نہیں رہے۔
عرفان خان نے ایک سے بڑھ کر ایک فلم کی۔ انہوں نے لنچ باکس، لائف آف پائی، مقبول، پان سنگھ تومار، کالی شلوار، فٹ پاتھ، سلم ڈاگ ملینئر، سات خون معاف، صاحب بیوی اینڈ گینگسٹر ریٹرن، ڈی ڈے سمیت بے شمار فلموں میں اپنے فن کے جوہر دکھائے۔ عرفان خان کا کام نئے آنے والے اداکاروں کیلئے اکیڈمی کی حیثیت رکھتا ہے۔
یاد رہے مرض کے بارے میں علم ہوتے ہی عرفان خان علاج کے لیے لندن چلے گئے تھے اور تقریباً ایک برس وہاں رہنے کے بعد مارچ 2019 میں انڈیا واپس آئے تھے۔
واپسی کے بعد عرفان خان نے دوبارہ کام بھی شروع کیا تھا اور چند ماہ قبل ان کی فلم 'انگریزی میڈیم' بھی ریلیز ہوئی ہے۔پاکستانی اداکارہ صبا قمر نے ان کے ساتھ فلم’’ہندی میڈیم‘‘ بھی کی تھی۔