شہباز علی:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کو مزید مضبوط بنانے کے لیے غیر ملکی کنسلٹنٹس کی تقرری پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر شان ٹیٹ سے بولنگ کنسلٹنٹ کے عہدے کے لیے بات چیت جاری ہے، جبکہ فیلڈنگ کنسلٹنٹ کے لیے نیوزی لینڈ کے سابق کرکٹر مارٹن گپٹل سے بھی مذاکرات کیے جا رہے ہیں۔
شان ٹیٹ اس سے قبل 2022-23 کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔ وہ کچھ عرصہ قبل تک بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے ساتھ بھی کوچنگ اسٹاف کا حصہ تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شان ٹیٹ کے لیے تینوں فارمیٹس میں مستقل کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے وقت نکالنا ممکن نہیں تھا، جس کے باعث انہیں مستقل کوچ کے بجائے کنسلٹنٹ کے طور پر شامل کرنے کی تجویز زیرِ غور ہے۔ ٹیٹ نے خاندانی مصروفیات کے باعث بنگلادیش ٹیم سے علیحدگی کا فیصلہ کیا تھا۔
دوسری جانب سابق نیوزی لینڈ کرکٹر مارٹن گپٹل کے ساتھ فیلڈنگ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے معاملات طے پانے کے قوی امکانات ہیں۔ تاہم پی سی بی کی جانب سے دونوں تقرریوں کی باضابطہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔
یہ پیش رفت سابق بولنگ کوچ ایشلے نوفکے کے مستعفی ہونے کے بعد سامنے آئی ہے۔ پی سی بی نے بولنگ کوچ کی خالی آسامی کے لیے اشتہار بھی جاری کر رکھا ہے، جبکہ چند ہفتے قبل فیلڈنگ کوچ کے عہدے کے لیے بھی درخواستیں طلب کی گئی تھیں۔
اگر مذاکرات کامیاب رہے تو شان ٹیٹ اور مارٹن گپٹل کی شمولیت سے قومی ٹیم کے کوچنگ سیٹ اَپ میں بین الاقوامی تجربہ مزید شامل ہونے کی توقع ہے۔