ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

 گاڑیوں و موٹرسائیکلوں کے رجسٹریشن کارڈز کی فراہمی میں شکایات ، ڈی جی ایکسائز کا بڑا حکم

 گاڑیوں و موٹرسائیکلوں کے رجسٹریشن کارڈز کی فراہمی میں شکایات ، ڈی جی ایکسائز کا بڑا حکم
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی ساہی:شہریوں کو گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے رجسٹریشن کارڈز کی بروقت فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے، جس پر ڈائریکٹر جنرل ایکسائز پنجاب عمر شیر چٹھہ نے اسمارٹ کارڈز کی سو فیصد ڈلیوری یقینی بنانے کے لیے ڈلیوری سسٹم ڈی سینٹرلائز کرنے کا حکم دے دیا۔

ڈی جی ایکسائز کی جانب سے ڈلیوری سسٹم کو ڈی سینٹرلائز کرنے کے لیے پوسٹ آفس کو مراسلہ بھی بھجوا دیا گیا ہے۔ مراسلے کے مطابق محکمہ ایکسائز ماہانہ 2 سے ڈھائی لاکھ رجسٹریشن کارڈز ڈلیوری کے لیے پوسٹ آفس کو فراہم کرتا ہے، تاہم پوسٹ آفس کی جانب سے سو فیصد ڈلیوری نہ ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ رجسٹریشن کارڈز کی ڈلیوری میں تاخیر کی ایک وجہ کارڈ مینوفیکچرنگ یونٹ سے ریجن وائز بکنگ کے بجائے سنٹرلائزڈ بکنگ کا نظام ہے۔

نئے نظام کے تحت ڈائریکٹوریٹ جنرل ایکسائز پنجاب لاہور صرف لاہور ریجن کے رجسٹریشن کارڈز کی بکنگ کرے گا، جبکہ دیگر ریجنز اور اضلاع کے کارڈز متعلقہ فیلڈ دفاتر سے بک کیے جائیں گے۔

مراسلے میں متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ فیلڈ لیول بکنگ سسٹم پر منتقلی کا عمل یکم اکتوبر سے پہلے مکمل کیا جائے۔

ایکسائز حکام نے یکم اکتوبر کے بعد کسی بھی تعطل، تاخیر یا ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے تمام ضروری پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔