جنید ریاض:انٹرمیڈیٹ سیکنڈ اینول امتحانات کل سے شروع ہورہے ہیں تاہم لاہور بورڈ کی انتظامی خامیاں امتحان سے قبل ہی سامنے آگئیں۔
امتحان سے ایک روز قبل طلبا کی بائیو میٹرک تصدیق مکمل نہ کی جا سکی، جس کے باعث لارنس روڈ امتحانی سنٹر میں طلبا کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
شدید رش کے باعث بورڈ انتظامیہ نے متعدد امیدواروں کو بائیو میٹرک کے بغیر ہی واپس بھیج دیا۔
بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ اب طلبا کی بائیو میٹرک تصدیق امتحان کے دن ہی کی جائے گی۔
طلبا نے بورڈ کی ناقص حکمتِ عملی پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر بائیو میٹرک امتحان والے دن ہی کرنی تھی تو سنٹر پر بلا کر وقت کیوں ضائع کیا گیا؟
امتحانی امیدواروں نے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ اس نوعیت کی بدانتظامی سے بچنے کے لیے مؤثر حکمتِ عملی تیار کی جائے۔