وزیراعظم نےجرائم پیشہ عناصرکیخلاف آگاہی مہم چلانے کی منظوری دیدی

وزیراعظم نےجرائم پیشہ عناصرکیخلاف آگاہی مہم چلانے کی منظوری دیدی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (قذافی بٹ) وزیراعظم عمران خان کا دورہ لاہور، بچوں سے زیادتی کے واقعات پرشعور پیدا کرنے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف عوامی آگاہی مہم چلانے کی منظوری۔ وزیراعظم کا لوکل گورنمنٹ سسٹم پر جلد از جلد عملدرآمد پر بھی زور جبکہ معاشی ترقی کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو صوبائی اور ملکی معاشی ترقی کے لیے بھرپورطورپراستعمال کرنے کی بھی ہدایات دیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایوان وزیراعلیٰ میں مختلف میٹنگز کی صدارت کی۔ امن و امان کی صورتحال پراجلاس میں وزیراعظم کو بچوں کے ساتھ زیادتی اور اسے روکنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریف کیا گیا۔ چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کی جانب سے پولیس اصلاحات سے متعلق پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے جرائم کی وجہ سے اللہ کا عذاب آتا ہے۔ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب سمیت متعلقہ حکام کو قصور چونیاں اور دیگر متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کی ہدایت کی۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے پنجاب میونسپل سروسز پروگرام کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ویلیج پنچایت اور نیبر ہڈ کونسل کے الیکشن مارچ 2020 اور لوکل میونسپل اور تحصیل کونسل کے انتخابات مئی 2020تک منعقد کیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے لوکل گورنمنٹ سسٹم پرجلد ازجلد عملدرآمد پر زور دیتے ہوئے تاکید کی کہ اس سلسلے میں پلان کو مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت پنجاب کی مالیاتی پالیسی اور معاشی پالیسی کے حوالے سے اجلاس میں انہیں اہداف سے آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے پر توجہ دی جائے۔ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ صوبے بھر میں اشیائے خورونوش اور خصوصاً گندم اور آٹے کی قیمتوں کو کم سے کم رکھنے کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔
بعدازاں وزیرِ اعظم عمران خان کو پنجاب میں صحت کے شعبہ میں سہولتوں کی بہتری اور اصلاحات کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام الناس کو صحت کی بروقت اورمعیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ غریب اور متوسط طبقے کو معیاری اور بر وقت علاج کی سہولیات کی فراہمی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے محکمہ اوقاف کے زیر انتظام زمینوں کی نشاندہی کر کے نجی شعبے کے ہسپتالوں کو لیز پر دینے اور ہیلتھ کارڈ کے تحت ان نجی ہسپتالوں سے مستحقین کے علاج کو منسلک کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

Shazia Bashir

Content Writer