2024 پاکستان اور عوام کے لئے نئی امید، ترقی کا نیا دور لے کر آ رہا ہے، مریم نواز

2024 پاکستان اور عوام کے لئے نئی امید، ترقی کا نیا دور لے کر آ رہا ہے، مریم نواز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ 2024 پاکستان اور عوام کے لئے نئی امید، ترقی کا نیا دور لے کر آ رہا ہے، نوازشریف کی قیادت میں نئے سال سے پاکستان کی معاشی ترقی کا تیز رفتا دور شروع ہوگا،ان شاءاللہ۔

تفصیلات کے مطابق ماڈل ٹاؤن میں مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس طلب کیا گیا، جس میں مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن (ایم ایس ایف) اور مینارٹی ونگ کے عہدیداروں اور کارکنوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں 8 فروری کے عام انتخابات کے حوالے سے 'ایم ایس ایف' اور مینارٹی ونگ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا،  'ایم ایس ایف' اور مینارٹی ونگ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ 

اجلاس میں عام انتخابات میں نوجوانوں اور مینارٹی ونگ کی بھرپور شرکت اور شمولیت کو یقینی بنانے کی تاکید کی گئی۔ اجلاس میں ملک بھر میں انتخابی سرگرمیاں تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے مطابق وفاق سمیت چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں نوجوانوں کو متحرک کیا جائے گا۔ 

مریم نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں اور اقلیتوں کو سیاست کی اولین صفوں میں لانا چاہتے ہیں، ان کے کردار میں بتدریج اضافہ کریں گے، نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں، نوجوانوں کی ترقی ملک کی ترقی ہے۔ایم ایس ایف کے پلیٹ فارم سے ملک بھر سے نوجوانوں کو عملی سیاسی میں شمولیت کا موقع ملے گا۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ قائد نواز شریف چاہتے ہیں کہ نوجوان عام انتخابات میں سیاسی سرگرمیوں کا ہراول دستہ بنیں۔ نوجوان مستقبل کی قیادت ہیں، انتخابی سرگرمیوں میں اقلیتوں کے فعال کردار سے جمہوری کلچر مزید مضبوط ہو گا۔ 

ایم ایس ایف اور مینارٹی ونگ کے عہدیداروں نے سیاسی مواقع بڑھانے اور پارٹی سرپرستی پر مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے اعتماد پر پورا اتریں گے، پاکستان کی ترقی کے مشن میں قائد نواز شریف کے سپاہی بن کر کام کریں گے۔