(عرفان ملک) کاہنہ کےعلاقےمیں 47سالہ نابینا گدا گر محمد اقبال کو قتل کرنے والا مفرور مرکزی ملزم گرفتار، ملزم نےمقتول اقبال کے پیٹ میں پنکچر لگانے والی ٹینکی کی مدد سے ہوا بھر دی تھی۔
پولیس کے مطابق مقتول اقبال پنکچر والی دکان پر بھیک مانگنے کے لیے آیا تو ملزم عمر نے سفاکیت کی انتہا کر دی اور نابینا گداگر کے پیٹ میں پریشر پمپ سے ہوا بھر دی، جس سے مقتول کی حالت غیر ہو گئی اور جسم کے مختلف حصوں سے خون بہنا شروع ہوگیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ مقتول جسم میں مختلف انفیکشن ہونے کے باعث ہسپتال میں دس روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہا اور بالآخر دم توڑ گیا، نابینا شخص کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا، ملزم عمر کو گرفتار کرکے آلہ قتل پریشر پمپ قبضے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔