طاہر جمیل: کمشنر لاہور ڈویژن مریم خان نے ہدایت کی ہے کہ قربانی کی آلائشیں اٹھانے کے فوراً بعد واشنگ آپریشنز شروع کیے جائیں جبکہ اجتماعی قربان گاہوں، گلی محلوں اور سڑکوں کو عرقِ گلاب سے دھو کر صاف ماحول یقینی بنایا جائے۔
کمشنر مریم خان نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے پہلے روز صفائی آپریشنز ورکرز کی محنت اور شہریوں کے تعاون سے بہترین انداز میں مکمل کیے گئے جبکہ لاہور سمیت تمام اضلاع میں صفائی اور واشنگ آپریشنز پر کسی قسم کا کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 34 گھنٹوں کے دوران لاہور شہر سے 21 ہزار ٹن آلائشیں اٹھا کر ڈمپنگ سائٹس منتقل کی جا چکی ہیں جبکہ لاہور ڈویژن بھر سے اب تک تقریباً 29 ہزار ٹن آلائشیں تلف کر کے شہروں کو صاف کیا گیا ہے۔
کمشنر لاہور نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ صفائی کے بعد فوری واشنگ اور جراثیم کش سپرے کا عمل بھی یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔