طاہر جمیل:عیدالاضحیٰ کے دوسرے روز لاہور سمیت پنجاب بھر میں قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے اور صفائی کے خصوصی آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہیں، جبکہ ستھرا پنجاب کی ٹیمیں صوبے کے مختلف شہروں اور دیہات میں متحرک ہیں۔
صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق، سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں اور ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین خود فیلڈ میں موجود رہے اور صفائی آپریشن کی نگرانی کرتے رہے۔
حکام کے مطابق گزشتہ رات ہی مختلف ٹرانسفر اسٹیشنز پر جمع ہونے والی آلائشوں کو فوری طور پر اٹھا کر زیرو ویسٹ کر دیا گیا تاکہ تعفن اور بدبو سے شہریوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔
ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی کے مطابق عید قربان کے دوسرے روز بھی ایک لاکھ 84 ہزار سے زائد صفائی ہیروز فیلڈ میں خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ 40 ہزار آپریشنل مشینری اور 12 ہزار اضافی لوڈر رکشے آلائشیں اٹھانے کے عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ خصوصی پک اپ گاڑیاں گھر گھر جا کر آلائشیں جمع کر رہی ہیں تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز پنجاب بھر سے ایک لاکھ 10 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں ٹھکانے لگائی گئیں، جبکہ صرف لاہور شہر سے گزشتہ رات تک 17 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں تلف کی جا چکی ہیں۔
بابر صاحب دین کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں شہریوں کی سہولت کیلئے 4500 عید کیمپس فعال ہیں، جہاں ویسٹ بیگز، معلومات اور شکایات کے اندراج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ادھر تعفن اور بدبو سے بچاؤ کیلئے ستھرا پنجاب کی ٹیموں کی جانب سے عرقِ گلاب ملے پانی کا چھڑکاؤ بھی جاری ہے تاکہ ماحول کو خوشگوار رکھا جا سکے۔
شہریوں نے صفائی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ستھرا پنجاب کی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ اس بار صفائی کے انتظامات ماضی کے مقابلے میں بہتر نظر آ رہے ہیں۔