ویب ڈیسک :پاکستان کوعالمِ اسلام کی پہلی اوردنیاکی 7ویں ایٹمی طاقت بنے 28 برس مکمل ہوگئے،صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قومی خود داری اور دفاع وطن کے ناقابل تسخیر عزم کی علامت ہے۔
یوم تکبیر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا، ہم اپنے دفاع سے ہر گز غافل نہیں ،یوم تکبیر قومی خود داری اور دفاع وطن کے ناقابل تسخیر عزم کی علامت ہے۔
مملکت خداداد کا دفاع آہنی ہاتھوں میں ہے، دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے،یوم تکبیر پر عہد کرتے ہیں کہ وطن کیلیے ہر قربانی دینے کیلیے تیار ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یہ دن پاکستان کی تاریخ کا ایک فیصلہ کن لمحہ تھا جب پوری قوم نے غیر متزلزل عزم، قومی اتحاد اور غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
انہوں نے کہا کہ 28 مئی 1998 کو بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے کامیاب ایٹمی تجربات کیے، جنہوں نے نہ صرف جنوبی ایشیا میں تزویراتی توازن بحال کیا بلکہ دنیا کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان اپنی دفاعی صلاحیت اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ علامہ محمد اقبال کے تصور اور قائداعظم محمد علی جناح کی قائم کردہ خداداد مملکت کا دفاع مضبوط اور محفوظ ہاتھوں میں ہے۔
انہوں نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام میں کردار ادا کرنے والی شخصیات اور اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی بصیرت افروز قیادت، نواز شریفکے جرات مندانہ فیصلوں، ڈاکٹر عبدالقدیر خان، ڈاکٹر ثمر مبارک مند سمیت بے شمار سائنسدانوں، انجینئرز، ماہرین، افواجِ پاکستان کے جوانوں اور کارکنوں کی انتھک خدمات شامل ہیں۔