وزیر مذہبی امور نے سابق ڈی جی حج سعودیہ کیخلاف انکوائری شروع کر دی  

Former Dg hajj,Saudia,Inquiry,City42
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود نے سابق ڈی جی حج سعودیہ عرب ساجد منظور اسدی کے خلاف انکوائری شروع کردی ہے۔

 وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود کی جانب سے سعودیہ عرب میں سابق ڈی جی حج ساجد منظور اسدی کے خلاف ادویات اور خوراک کے ٹھیکوں میں مبینہ کرپشن کے باعث انکوائری کا آغاز کردیا گیا۔

 سینیٹر طلحہ محمود نے 24 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ساجد منظور اسدی کے خلاف شکایات موصول ہوئی ہیں اور کچھ شواہد ملے ہیں، حج جیسے فریضہ کے دوران کسی قسم کی کرپشن یا کوتاہی قابل برداشت نہیں، عوام کا نمائندہ ہوں عوام کے پیسوں کی حفاظت میری اولین ترجیح ہے، منظور اسدی کے خلاف انکوائری کے بعد اگر کرپشن ثابت ہوگئی تو ایف آئی اے کے سپرد کردوں گا۔

 وفاقی وزیر طلحہ محمود نے 24 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزارت مذہبی امور کے افسران کو بھی خبردار کرتے ہوئے کہا کہ فریضہ حج کے دوران کسی قسم کی کوتاہی ، لاپرواہی اور کرپشن قابل قبول نہیں، فریضہ حج کے دوران اور بعد میں حج سے متعلق آڈٹ کروں گا، کوئی بھی آفیسر یا ملازم کرپشن میں ملوث پایا تو کوئی معافی نہیں ملے گی۔

 انہوں نے حج کے دوران ڈیوٹی کرنے والے معاونین کو بھی خبردار کرتے ہوئے کہا کہ معاونین حج نے اگر حجاج کرام کی خدمت میں کوتاہی کی تو انکو ڈی پورٹ کردوں گا، معاونین کو ڈی پورٹ کرنے کے بعد ان سے حج کے اخراجات بھی وصول کروں گا، جو معاونین حج اچھا کام کریں گے ان کو تعریفی اسناد دوں گا۔