علی ساہی: پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے جدید ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے مختلف شہروں میں سرویلنس کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان سیف سٹی کا کہناتھا کہ ڈرونز کے ذریعے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر آنے والی کالز پر فوری کارروائیاں کی گئیں جبکہ کرائم ہاٹ اسپاٹس، ٹریفک مسائل، پتنگ بازی اور اسموگ خلاف ورزیوں پر بھی بروقت ایکشن لیا گیا۔
مختلف علاقوں میں ڈرون ٹیم نے پتنگ بازی کی سرگرمیوں کی نشاندہی کی اور فیلڈ پولیس کے ذریعے فوری کارروائی کو یقینی بنایا۔ شاد باغ میں پتنگ بازی کی نشاندہی پر متعلقہ پولیس کو فوری اطلاع دی گئی اور قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ نشتر کالونی، کاہنہ اور بادامی باغ میں بھی پتنگ بازی کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی گئی۔
کرول گھاٹی اور بادامی باغ کے قریب دھوئیں کے اخراج کی نشاندہی پر محکمہ ماحولیات کو الرٹ جاری کیا گیا تاکہ ماحولیاتی نقصان کو روکا جا سکے۔ وحدت کالونی اور علامہ اقبال ٹاؤن میں ممکنہ جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر ڈرون سرویلنس جاری ہے۔
شاہدرہ چوک اور چونگی امرسدھو میں غیر قانونی پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوئی، جس پر فیلڈ پولیس کی مدد سے فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔
اسی دوران گجرات، ساہیوال اور ملتان میں کرائم ہاٹ اسپاٹس کی مسلسل نگرانی جاری رہی جبکہ بہاولپور، رحیم یار خان اور راولپنڈی میں ڈرون اور کیمروں کے ذریعے ورچوئل ہولڈ کے ذریعے نگرانی کی گئی تاکہ ممکنہ جرائم کی بروقت روک تھام کی جا سکے۔
ترجمان سیف سٹی نے کہا کہ ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا اور قانونی کارروائیوں کو تیز کرنا ممکن ہو رہا ہے، اور یہ سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رہے گا۔