زاہد چودھری: جنرل ہسپتال کے ماہر ڈاکٹرز نے بروقت طبی کارروائی کرتے ہوئے تین ماہ کے ننھے مریض کی جان بچا لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بچے زین علی کے معدہ میں موجود لوہے کی واشر کو کامیاب انڈوسکوپی کے ذریعے نکال لیا گیا۔ یہ حساس پروسیجر پروفیسر محمد شاہد کی نگرانی میں اسسٹنٹ پروفیسر حوریہ رحمان نے انجام دیا، جس پر ہسپتال انتظامیہ نے ڈاکٹرز کی ٹیم کو شاباش دی۔
ذرائع کے مطابق پرنسپل پروفیسر فاروق افضل اور ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے بھی اس کامیاب کارروائی کو سراہا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تین ماہ کا بچہ گزشتہ دس دن سے بخار اور کھانسی میں مبتلا تھا جبکہ نجی کلینک سے علاج جاری تھا، تاہم حالت بگڑنے پر اسے جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ہسپتال میں ایکسرے کرنے پر بچے کے معدہ میں غیر ملکی جسم (فارن باڈی) کی موجودگی کا انکشاف ہوا، جس کے بعد فوری طور پر انڈوسکوپی کا فیصلہ کیا گیا۔ بروقت اور مہارت سے کیے گئے اس پروسیجر کے باعث بچے کی جان بچ گئی۔
مزید برآں،بچے کے والدین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹرز کا شکریہ ادا کیا جبکہ ان کے لیے دعائیں بھی دیں۔