سٹی 42:سندھ اسمبلی نے مالی سال 2026-27 کے لیے 3 ہزار 562 ارب روپے کا صوبائی بجٹ کثرتِ رائے سے منظور کر لیا۔ ایوان نے فنانس بل کی بھی منظوری دے دی، جبکہ اپوزیشن کی جانب سے پیش کی گئی تمام ترامیم مسترد کر دی گئیں۔
اجلاس کے دوران رواں مالی سال کے لیے 273 ارب روپے کا ضمنی بجٹ بھی منظور کیا گیا۔ ضمنی بجٹ کے 88 مطالباتِ زر پر اپوزیشن نے 300 سے زائد کٹوتی کی تحاریک پیش کیں، تاہم ایوان نے تمام تحاریک مسترد کر دیں۔
اپوزیشن نے نیشنل گیمز کے لیے مختص فنڈز میں کٹوتی کی تحریک بھی پیش کی، جس کی وزیراعلیٰ سندھ نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل گیمز کے مہمانِ خصوصی چیف آف ڈیفنس فورسز تھے اور اس ایونٹ کی قومی اہمیت ہے۔
اسی طرح فلم "میرا لیاری" کے لیے مختص فنڈز میں کٹوتی کی تحریک بھی مسترد کر دی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے جواب میں کہا کہ سندھ ملک کا پہلا صوبہ ہے جس نے فلم سازی کی سرپرستی کی ہے اور یہ فلم صوبے کا مثبت تشخص اجاگر کر رہی ہے۔
دریں اثنا، بلدیہ عظمیٰ کراچی کا رواں مالی سال کا بجٹ بھی کثرتِ رائے سے منظور کر لیا گیا۔ تمام قانون سازی مکمل ہونے کے بعد سندھ اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔