ویب ڈیسک : پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ ہر نئی سہولت صرف بڑے شہروں کو دینا اب ماضی کی بات ہے، ہم دیہات کو بھی بڑے شہروں کے برابر لائیں گے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا، جس میں ای بس پراجیکٹ سمیت مختلف ٹرانسپورٹ منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
مریم نواز نے جنوبی پنجاب اور دُوردراز اضلاع کو ترجیحی بنیادوں پر ای بسیں فراہم کرنے کی ہدایت کی، کہا کہ ہر نئی سہولت صرف بڑے شہروں کو دینا اب ماضی کی بات ہے، ہم دیہات کو بھی بڑے شہروں کے برابر لائیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے حکم دیا کہ پہلے مرحلے میں 24 اضلاع کو 240 الیکٹرک بسیں دی جائیں جبکہ لاہور، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور اور راولپنڈی کے لیے اگست سے اکتوبر کے دوران 500 ای بسیں فراہم کی جائیں گی۔ مزید 600 ای بسیں نومبر سے دسمبر تک پنجاب کے مختلف علاقوں میں پہنچائی جائیں گی۔
قصور، شیخوپورہ، ننکانہ کیلئے چار سو الیکٹرک بسیں
پنجاب کلین ایئر پروگرام کے تحت لاہور، قصور، شیخوپورہ اور ننکانہ کو 400 ای بسیں فراہم کی جائیں گی تاکہ ماحولیاتی بہتری کے ساتھ سفری سہولیات بھی فراہم کی جا سکیں۔
اجلاس میں گوجرانوالہ بی آر ٹی منصوبے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ مریم نواز نے ہدایت دی کہ گجرانوالہ بی آر ٹی کو پورے شہر اور مضافاتی علاقوں سے منسلک کرنے کے لیے 80 فیڈر بسیں چلائی جائیں۔
آٹھ منٹ بعد بس؛ راہوالی سے ایمن آباد تک بس ریپڈ ٹرنزٹ سسٹم چلے گا
اجلاس کو بتایا گیا کہ راہوالی سے ایمن آباد تک 22 کلومیٹر طویل بی آر ٹی سسٹم میں 28 اسٹیشن بنائے جائیں گے ۔ گکھڑ منڈی تک توسیع کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ ہر 8 منٹ بعد دونوں سمتوں میں بس کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس منصوبے کے لیے 4 الیکٹرک بس ڈپو بھی قائم کیے جائیں گے اور روٹ پر ٹریفک کنٹرول کے لیے سمارٹ سلوشنز استعمال کیے جائیں گے۔
فیصل آباد اورنج لائن پروجیکٹ پر پیش رفت
فیصل آباد میں اورنج لائن اور ریڈ لائن منصوبوں پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ریڈ لائن 23.4 کلومیٹر طویل ہو گی اور اس میں 24 اسٹیشن ہوں گے، جس سے روزانہ 1 لاکھ 85 ہزار سے زائد مسافر مستفید ہو سکیں گے۔
فیصل آباد اورنج لائن 29 کلومیٹر پر مشتمل ہو گی اور 21 اسٹیشن پر ایک لاکھ 11 ہزار سے زائد مسافر سفر کر سکیں گے۔ مریم نواز نے ہدایت دی کہ فیصل آباد انڈسٹریل زون فیڈمک سے سلامی چوک تک کا روٹ بھی شامل کیا جائے۔
بسوں کے روٹ؛ عوام کی سہولت اول ترجیح
وزیراعلیٰ نےٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنت کو تمام عوامی فلاحی منصوبے بلا تاخیر شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بسوں کے روٹس عوام کی آمدورفت کو مدنظر رکھ کر مقرر کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی ضروریات کا صحیح تعین کر کے وسائل فراہم کیے جائیں، کیونکہ تمام اضلاع ان کے لیے برابر ہیں اور ترقی کے سفر میں ہر علاقے کو یکساں سہولتیں ملنی چاہییں۔