(ویب ڈیسک)جوہر ٹاؤن بم دھماکےمیں ایک اور اہم پیش رفت ، بارود سے بھری گاڑی پارک کرنے والے ملزم کوراولپنڈی سے گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گرفتار دہشت گرد کی شناخت عید گل کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم کو مزید تفتیش کے لیے لاہور منتقل کر دیا گیا ، ملزم کی گرفتاری کے بعد پہلے سے گرفتار پال ڈیوڈ نے بھی دہشت گرد کی شناخت کر لی۔ اس سے پہلے اس کیس میں پیٹر پال ڈیوڈ کے علاوہ تین مزید ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ پیٹر پال ڈیوڈ نے دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی عید گل کو دی تھی۔ پیٹر پال ڈیوڈ نے یہ کار دھماکے سے سات روز پہلے گوجرانولہ سے خریدی تھی۔
جوہر ٹاؤن دھماکے کی گتھیاں سلجھنے لگی ہیں قبل ازیں بھی دھماکے میں ملوث مبینہ دہشت گردوں حساس اداروں نے مختلف علاقو ں سے گرفتار کیا ۔ ایک دہشت گرد ضیاء خان کو مردان سے گرفتار کیا گیا تھا جس کی مدد سے دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی تیار کی گئی تھی۔ انٹیلی جنس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی مردان میں تیار کی گئی تھی۔
گاڑی سجاد حسین نامی ملزم لاہور لے کر آیا تھا، جو پہلے ہی منڈی بہاؤ الدین سے گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ ایک اور دہشت گرد پیٹر پال ڈیوڈ کی ساتھی خاتون کرن کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔ پیٹر ڈیوڈ دھماکے کے روز عامر ہوٹل میں ٹھہرا تھا۔اب ایک اور ملزم عید گل کو گرفتار کر لیا گیا ہے جس نے دھماکے کی جگہ بارود سے بھری گاڑی پارک کی تھی۔